نئی دہلی ۔بھارت میں ایک نوجوان لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈ کو اپنے خاندان کی مدد سے قتل کروا دیا اور اس کی لاش کے ٹکڑے کرکے تھیلے میں ڈال دیے، پھر انہیں سڑک کنارے پھینک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا قتل ریاست بہار کے شہر مظفر پور میں پیش آیا، جہاں سڑک کنارے ایک تھیلے سے مقتول کے جسم کے ٹکڑے ملے۔ علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔
لاش کی شناخت جے پرکاش کے نام سے ہوئی۔ اس کی والدہ سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا ایک لڑکی کے عشق میں گرفتار تھا اور آخری بار 4 مہینے پہلے ملاقات کے لیے آیا تھا۔ وہ لڑکی میرے بیٹے کو کسی سے ملنے نہیں دیتی تھی۔
پولیس نے جے پرکاش کی ماں کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی۔ تفتیش کے دوران للیتا کماری نامی لڑکی نے بتایا کہ اس کے جے پرکاش کے ساتھ تین سال سے تعلقات تھے اور دونوں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
تاہم جے پرکاش کو شک ہوا کہ للیتا کماری کسی اور لڑکے سے بھی رابطے میں ہے، جس پر دونوں میں جھگڑا ہوا۔ جے پرکاش نے للیتا کی ذاتی لمحات کی ویڈیو کو وائرل کر دیا تھا۔
یہ بات للیتا کماری نے اپنے خاندان کو بتائی اور پھر جے پرکاش کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ للیتا نے جے پرکاش کو کزن کی شادی کے بہانے مظفر پور بلایا اور خاندان کے افراد نے اسے بے دردی سے مارا پیٹا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ لاش کے ٹکڑے کرکے تھیلے میں ڈالے گئے اور سائیکل پر سوار ہو کر سڑک کنارے پھینک دیے گئے۔
لاش کو سائیکل پر لے جانے کے مناظر سی سی ٹی وی فوٹیجز میں محفوظ ہو گئے، جنہیں پولیس نے حاصل کر لیا اور متعلقہ افراد کو حراست میں لے لیا۔