ریاض ، ذہنی سکون کے لئے عمومی طور پر لوگ ایک ہی شادی کو ترجیح دیتے ہیں، کچھ لوگ دو یا تین شادیاں کرتے ہیں، لیکن ایک سعودی شہری نے دنیا میں سب سے زیادہ شادیاں کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق، ابو عبداللہ نامی سعودی شہری، جسے صدی کا سب سے زیادہ شادی کرنے والا شخص قرار دیا گیا، نے مردوں کو ایک اہم مشورہ دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ابو عبداللہ نے 63 سال کی عمر میں اپنی 53 ویں شادی کی، جس کے بعد مزید شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایک انٹرویو میں ابو عبداللہ نے اپنی شادیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی شادی انہوں نے 20 سال کی عمر میں ایک 6 سال بڑی خاتون سے کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت انہیں ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا کیونکہ وہ کافی مطمئن تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے بھی تھے، لیکن کچھ عرصے بعد مسائل پیدا ہوئے اور انہوں نے 23 سال کی عمر میں دوبارہ شادی کرنے کا فیصلہ کیا، جس کی اطلاع انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ کو دی۔
ابو عبداللہ نے مزید کہا کہ بعد میں انہوں نے ایک ایسی خاتون کی خواہش کی جو انہیں خوش رکھ سکے، اور اسی تلاش میں انہوں نے 63 سال کی عمر تک 53 شادیاں کیں۔ ان کے مطابق، انہوں نے اتنی شادیاں ذہنی سکون کی خاطر کیں۔
ابو عبداللہ نے مردوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر مرد ایک عورت کے ساتھ رہنے کی خواہش رکھتا ہے، لیکن زندگی میں سکون بڑی عمر کی خاتون کے ساتھ زیادہ مل سکتا ہے، جوان خاتون کے بجائے۔