بیجنگ۔ لہاسا شوٹون امپورٹ ایکسپو میں پاکستانی دستکاریوں نے دھوم مچا دی ، پاکستانی سٹالز مقامی اور بین الاقوامی زائرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
پاکستانی نمائش کنندگان نے اپنی شاندار تخلیقات حاضرین کے سامنے پیش کیں،پاکستانی تاجروں نے نمائش میں مدعو کرنے پر آرگنائزر کا شکریہ ادا کیا۔
گوادر پرو کے مطابق چین کے شی چانگ خود مختار علاقے کے دارالحکومت لہاسا میں پہلی بار لہاسا شوٹون امپورٹ ایکسپو کی میزبانی کی وجہ سے بھر پورجوش و خروش تھا۔
اس ایونٹ میں 31 ممالک اور خطوں کے 246 کاروباری اداروں نے شرکت کی ، جو ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے دوران خطے میں درآمد شدہ سامان کی سب سے بڑی نمائش ہے۔
گوادر پرو کے مطابق ایک ہزار سے زائد اقسام کے سامان کی نمائش کرنے والے شرکا کی متنوع رینج میں پاکستانی نمائش کنندگان نے چار دستکاری اداروں کے ساتھ اپنی شاندار تخلیقات کو حاضرین کے سامنے پیش کیا۔
قیمتی پتھروں تانبے کے برتنوں اور دیگر ہاتھ سے تیار کردہ اشیا سے سجے پاکستانی سٹالز نے مقامی رہائشیوں اور بین الاقوامی زائرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔
گوادر پرو کے مطابق شیچانگ کی نمائشوں میں شرکت کرنے والے ایک تجربہ کار پاکستانی فیصل رشید نے اس تقریب کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں شی چانگ سے محبت کرتا ہوں اور یہ میرا تیسرا دورہ ہے۔ مئی میں، میں نے یہاں ایک نمائش میں حصہ لیا اور 300000 یوآن کی فروخت کی. اس بار، میں لاکھوں یوآن مالیت کا سامان لایا ہوں اور مجھے اپنی فروخت کے امکانات کے بارے میں بہت اعتماد ہے۔