اسلام آباد: پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کو انعامات کی بھرمار مل رہی ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی تعداد میں بھی قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔
پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والے ارشد ندیم کے لیے حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں، اور متعدد مشہور شخصیات نے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں، متعدد اسپانسرز بھی اولمپئین کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔
تاریخ ساز کامیابی پر اسپانسرز کی طرف سے بھی پیشکشیں ملنا شروع ہو گئی ہیں۔
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنز نے اعلان کیا ہے کہ 2024 پیرس اولمپکس میں سونے کے تمغے جیتنے والوں کو 50 ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔
حکومت پنجاب نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے اور ان کے نام پر ایک اسپورٹس سٹی بنانے کا وعدہ بھی کیا ہے۔
پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا اور انہیں گورنر ہاو¿س مدعو کیا ہے۔
سندھ حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، جبکہ کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام پر کراچی میں ایک اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سکھر کے میئر نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج دینے کا وعدہ کیا ہے، اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
مشہور گلوکار علی ظفر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ارشد ندیم کو اپنی فاو¿نڈیشن کے ذریعے 10 لاکھ روپے نقد انعام دیں گے۔
کراچی پریس کلب نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال نے اپارٹمنٹ دینے کا وعدہ کیا ہے، کرکٹر احمد شہزاد نے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا، اور نجی ٹی وی چینل نے بھی 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔ پاکستان گیس اینڈ آئل نے ارشد ندیم کو زندگی بھر مفت پیٹرول دینے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار اولمپکس گیمز میں 8 اگست 1992 کو ہاکی ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا، جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کے کھیل میں 1984 میں حاصل کیا گیا تھا۔