نئی دہلی ۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق مس یونیورس سشمیتا سین نے پاکستانی اداکار فواد خان کے بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان کی نو سال بعد بالی ووڈ میں واپسی کی خبروں نے فلمی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ جہاں شدت پسند حلقوں کی جانب سے ان کے خلاف اعتراضات اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں، وہیں متعدد بالی ووڈ شخصیات ان کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔
سب سے پہلے اداکار سنی دیول اور امیشا پٹیل نے فواد خان کی حمایت کی، اور اب سشمیتا سین نے بھی اس سلسلے میں اپنی رائے دی ہے۔
سشمیتا سین نے کہا کہ فن، ثقافت اور کھیل کو سرحدوں میں قید نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق تخلیقی اظہار کو آزاد ماحول کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے اس پر کسی قسم کی پابندی درست نہیں۔
اداکارہ نے فواد خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت فنکار ہیں اور ان کی واپسی فن اور امن کے لیے خوش آئند ہے۔
جب سشمیتا سین سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں تو انہوں نے بلا جھجھک کہا: “میں ہمیشہ ایک اچھی فلم کا حصہ بننا چاہوں گی، چاہے وہ کسی بھی ملک کی ہو۔”