اسلام آباد ۔پاکستانی مصنوعات پر امریکی ٹیرف: ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات کے لیے حکمت عملی کی تیاری شروع کر دی ہے
امریکا کی جانب سے پاکستانی برآمدات پر 29 فیصد اضافی ٹیرف کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات کی غرض سے حکومت نے حکمت عملی مرتب کرنے پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت وزارت تجارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امریکی ٹیرف کے ممکنہ اثرات اور اس کے ردعمل میں حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر تجارت کے ہمراہ پچاس سے زائد نمایاں کاروباری شخصیات، صنعت کار، درآمد و برآمد سے وابستہ افراد اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ شرکاء نے خاص طور پر ٹیکسٹائل سیکٹر پر پڑنے والے منفی اثرات اور ان سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری حکام کے مطابق امریکا کو پاکستان کی سالانہ برآمدات کا حجم اوسطاً 5.5 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جن میں زیادہ تر حصہ ٹیکسٹائل مصنوعات کا ہے۔