نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل شکستوں پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مداحوں نے اپنی بے چینی اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر نیوزی لینڈ سے ٹی20 انٹرنیشنل اور پھر دو مسلسل ون ڈے میچز میں ہارنے پر قومی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، اور مداحوں نے اپنی پریشانی کا اظہار کیا ہے۔
ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
سیریز میں ناقص کارکردگی پر پاکستانی کرکٹرز سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کر رہے ہیں، ایک صارف نے کہا کہ اسٹار کرکٹرز کی غیر موجودگی میں نیوزی لینڈ کی کمزور ٹیم نے پاکستان کو ہرا دیا۔
ایک اور صارف نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے پچھلے 12 میچز میں سے ہر ایک میں پاکستان کو کیویز کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے۔
اسی دوران دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مداحوں نے قومی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر یہی کارکردگی رہی تو پاکستان کو جلد ہی ایسوسی ایٹ ملک کی سطح پر کھیلنا پڑے گا۔