وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی ترقی پاکستان کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے، اور سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کی خوشیوں کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ اس دوران ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں ہے، اور سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بھی ٹیلیفون پر بات کی اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخوا کے ذریعے صوبے کے عوام کو بھی عید کی خوشیوں کی مبارکباد پیش کی اور خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانب سے اور خیبرپختونخوا کے عوام کی طرف سے بھی انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام وفاق کے ساتھ مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔