یکم اپریل کو دنیا بھر میں “اپریل فول ڈے” کے طور پر منایا جاتا ہے، اور یہ دن دنیا بھر میں ایک مشہور روایت بن چکا ہے۔
اپریل فول کا دن صدیوں سے مختلف ثقافتوں میں منایا جاتا آیا ہے۔ اس دن کی خاص بات یہ ہے کہ جدید دور میں بھی ٹی وی شوز اور میڈیا ادارے ناظرین کو سنجیدہ خبریں مذاق کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
اگرچہ اپریل فول کا دن صدیوں سے منایا جا رہا ہے، لیکن اس کی ابتدا کہاں سے ہوئی، یہ ایک معمہ ہے۔
ایک نظریہ کے مطابق، اس دن کا آغاز 1582 میں فرانس سے ہوا جب جولین کیلنڈر کی جگہ گریگورین کیلنڈر اپنایا گیا، جس کے مطابق نئے سال کا آغاز یکم اپریل کے بجائے یکم جنوری سے ہونے لگا۔ اس کے بعد، جو لوگ یکم اپریل کو نیا سال سمجھ کر خوشیاں مناتے تھے، انہیں “اپریل فول” کہہ کر مذاق بنایا جاتا تھا۔
دوسرا نظریہ اپریل فول کو قدیم رومن تہوار “ہلیریا” سے جوڑتا ہے، جو 25 مارچ کو سائبیل دیوی کے اعزاز میں منایا جاتا تھا۔ اس تہوار میں لوگ بھیس بدل کر ایک دوسرے کا مذاق اُڑاتے تھے۔ یہی روایت جدید دور کے پرینکسٹرز کو متاثر کرنے کا سبب بنی۔