دنیا بھر کے مختلف ممالک میں عید الفطر کو بروز پیر بڑے عقیدت اور مذہبی جوش کے ساتھ منایا گیا۔

بھارتی حکومت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری نگر کی معروف جامع مسجد میں عید کی نماز ادا کرنے سے مسلمانوں کو روک دیا۔

واضح رہے کہ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اعلان کیا تھا کہ عید الفطر کی نماز صبح 10 بجے سرینگر کی تاریخی عیدگاہ میں ادا کی جائے گی۔

انجمن اوقاف نے قابض بھارتی حکام سے درخواست کی تھی کہ وہ شب قدر اور جمعتہ الوداع کی طرح عید کی نماز کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالیں۔

تاہم جب بڑی تعداد میں مسلمان جامع مسجد پہنچے تو بھارتی فوج کے اہلکاروں نے انہیں عیدگاہ میں جانے سے روک دیا۔

قابض بھارتی فوج نے رات کے وقت حریت پسند رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد رہنماوں کو نظر بند کردیا۔

اس کے باوجود کشمیری عوام نے عید الفطر کو بھرپور مذہبی عقیدت سے منایا اور عید کی نماز کے بعد بھارتی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے۔

دوسری جانب، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ، ملک بھر کے مختلف ریاستوں میں کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version