اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی نے پٹرول کی قیمت میں صرف ایک روپے کی کمی کو قوم کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں سستی کرنے کا اپنے وعدے کو پورا کریں۔

آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکریٹری اور کنوینئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرنے والے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پٹرول کی قیمت میں 17 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز تھی، تاہم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرول کی قیمت میں کمی نہیں کی جا سکی۔ گزشتہ روز پٹرول اور بجلی کی قیمت میں صرف ایک روپے کی کمی کا اعلان کیا گیا، جو کہ عوام کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ بجلی اور پانی کے وزیر کو بلوں پر عائد ٹیکسوں کی تفصیلات تک کا علم نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام پر مفت بجلی کا بوجھ بہت زیادہ ہے، اور تقریبا 700 ارب روپے کی مفت بجلی کا بوجھ حکومت برداشت کر رہی ہے۔ اسی طرح، سولر سسٹم پر ٹیکس لگانا سرمایہ کاری کے خلاف ایک سازش ہے۔

آل پاکستان انجمن تاجران نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں مناسب کمی کا اپنا وعدہ فوراً پورا کریں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version