لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 22 مارچ کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر اعتراض برقرار رکھتے ہوئے اسے ناقابلِ سماعت قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں اس درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے مؤقف اختیار کیا کہ 22 مارچ گزرنے کے بعد اسی تاریخ سے متعلق درخواست دائر نہیں کی جا سکتی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے تحریری حکم جاری نہ ہونے کے باعث درخواست میں تاخیر ہوئی۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ درخواست آپ نے خود تحریر کی ہے۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے درخواست کا متن صحیح طور پر پڑھا ہے؟ ساتھ ہی ہدایت کی کہ اگر جلسے کے لیے نئی تاریخ مقرر کرنی ہے تو متعلقہ کمیٹی کے پاس دوبارہ درخواست جمع کرائی جائے۔