ٹیکساس۔امریکی ریاست ٹیکساس میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کر لی گئی، جس میں ٹیکساس میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی برادری کی سماجی، مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
حال ہی میں نیو یارک کی ریاستی اسمبلی نے یوم پاکستان اور پاکستان بزنس ڈے سے متعلق دو قراردادیں منظور کیں۔
پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ٹیکساس اسمبلی کی جانب سے یوم پاکستان کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں یوم پاکستان کی قراردادوں کی منظوری پاک-امریکا تعلقات، خاص طور پر اقتصادی شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے حوصلہ افزا اقدام ہے۔
پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایسی قراردادوں کے دائرہ کار کو دیگر ریاستوں، بالخصوص ان علاقوں تک وسیع کیا جائے گا جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے۔
قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری نے اسپیکر ٹیکساس اسمبلی ڈسٹن بروز سے ملاقات کی اور قرارداد کی منظوری میں ان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسپیکر ٹیکساس کو ریاستی نمائندوں اور کاروباری شخصیات کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
بعد ازاں، وہ ریاستی نمائندے ڈاکٹر سلیمان لالانی کی جانب سے ٹیکساس کیپیٹل میں مقننہ کے دونوں ایوانوں کے اراکین اور مقامی معززین کے اعزاز میں دی گئی افطار تقریب میں شریک ہوئے۔