واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ اگر تہران نے جوہری پروگرام پر معاہدہ نہ کیا تو امریکہ ایران پر بمباری کرے گا اور اس پر ثانوی ٹیرف بھی عائد کیے جائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے ایک امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ امریکی اور ایرانی حکام مذاکرات کر رہے تھے، مگر وہ کوئی خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر ایران معاہدے پر دستخط نہیں کرتا تو بمباری کی جائے گی، تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ایک موقع موجود ہے۔ اگر ایران معاہدے پر رضامند نہیں ہوتا تو میں 4 سال پہلے کی طرح ثانوی ٹیرف عائد کر دوں گا۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 سے 2021 کے دوران اپنے دور صدارت میں ایران کے ساتھ 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ایران نے اپنی جوہری سرگرمیاں محدود کر دی تھیں اور بدلے میں اس پر عائد معاشی پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔

ٹرمپ نے معاہدے سے علیحدگی کے بعد ایران پر یک طرفہ پابندیاں عائد کر دی تھیں، جبکہ ایران نے یورینیم کی افزودگی سمیت جوہری پروگرام کی حدود سے تجاوز کر لیا تھا۔

ایران نے ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے سخت موقف اپنایا ہے اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس کا جوہری پروگرام صرف شہری توانائی کی ضروریات کے لیے ہے۔ ایران نے حال ہی میں عمان کے ذریعے ٹرمپ کے نئے جوہری معاہدے کے لیے لکھے گئے خط کا جواب دیا تھا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version