اسلام آباد۔حکومت نے اسرائیل جانے والے پاکستانی صحافیوں سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لے لیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ میں اسرائیل کے دورے سے متعلق سوالات کے جواب میں کہا کہ حکومت پاکستان نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر یہ ذکر کیا گیا ہے کہ یہ ’’اسرائیل کے سفر‘‘ کے لیے موزوں نہیں ہے، اس لیے موجودہ قوانین کے مطابق ایسا سفر ممکن نہیں اور پاکستان کا اسرائیل سے متعلق موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کرتا ہے، جن میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ اور پرامن حل تلاش کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version