لاہور۔۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “وِیٹ این سینٹیو پروگرام” کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت گندم کے کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بٹن دبا کر “گندم اگاؤ” انعامی اسکیم کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی۔ اس مہم کے تحت ہزار خوش نصیب کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹر دیے جائیں گے۔ قرعہ اندازی میں پہلا ٹریکٹر بہاولنگر کی خاتون کاشتکار کوثر پروین کے نام نکلا۔
وزیراعلیٰ نے کامیاب کاشتکاروں کو خود فون کر کے مبارکباد دی۔ انہوں نے جھنگ کے محمد اقبال کو بھی ٹریکٹر جیتنے پر مبارکباد دی، جس پر کاشتکار نے شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح منڈی بہاؤالدین کے سلمان احمد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا، “آپ کا مفت ٹریکٹر نکل آیا ہے، سوچا خود فون کر کے مبارکباد دوں۔ گندم کی فصل ان شاءاللہ بہترین ہوگی، میری دعائیں کاشتکار بھائیوں کے ساتھ ہیں۔”
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساڑھے بارہ ایکڑ یا اس سے زائد زرعی رقبے کے 57,733 کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے 21,496 کاشتکار قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار پائے۔ کامیاب ایک ہزار کاشتکاروں کو 55 ہارس پاور کے ٹریکٹر مفت فراہم کیے جائیں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں اس سال 5 لاکھ 60 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کی گئی ہے، جبکہ تین ماہ کے اندر تمام کامیاب کاشتکاروں کو ٹریکٹر فراہم کر دیے جائیں گے۔