اسلام آباد۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے یومِ پاکستان کے موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کو خط لکھ کر مبارکباد پیش کی۔
اپنے پیغام میں صدر علیوف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تذویراتی شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، توانائی، سرمایہ کاری، دفاعی صنعت اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ممالک کی کامیاب مشترکہ کوششیں ان کے تعلقات کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔
آذری صدر نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی معاملات پر پاکستان اور آذربائیجان کا یکساں موقف اور باہمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان گہرے بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی ثقافتی اقدار، یکجہتی، احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
صدر علیوف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دورے، ملاقاتیں اور رابطے تعلقات میں اضافے کی واضح علامت ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے آذربائیجان کے سرکاری دورے کے دوران ہونے والی مفید ملاقاتوں کو سراہا اور انہیں باہمی اعتماد، مفاہمت اور خلوص پر مبنی قرار دیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورے کے دوران طے پانے والے معاہدے پاکستان اور آذربائیجان کے باہمی تعاون کی راہ متعین کریں گے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے۔
صدر علیوف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان روایتی دوستی اور تذویراتی شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کریں گے۔
اپنے خط کے اختتام پر، انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی صحت و کامیابی کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔