وفاقی انتظامیہ نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں رد و بدل کرتے ہوئے مختلف اسکیموں پر منافع کی شرح میں 70 بیسز پوائنٹس تک اضافہ کر دیا، جبکہ سیونگ اکاؤنٹ ریٹ پر منافع میں 100 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کے حکام کا کہنا ہے کہ قلیل مدتی سیونگ سرٹیفکیٹ (ایس ٹی ایس سی) کی شرح میں 15 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 10.81 فیصد سے بڑھ کر 10.96 فیصد ہوگئی ہے۔ اسی طرح، ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس (ڈی ایس سی) کی منافع کی شرح میں 1 بیسز پوائنٹ کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 12.15 فیصد کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر منافع کی شرح میں 10 بی پی ایس کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد یہ 13.68 فیصد ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں، سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی ٹی اے) اور سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ (ایس آئی ایس اے) کی شرح میں 70 بیسز پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 9.74 فیصد سے بڑھ کر 10.44 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب، سیونگ اکاؤنٹ پر ریٹرن میں 100 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے، جس کے تحت 11.5 فیصد کے بجائے اب 10.5 فیصد منافع دیا جائے گا۔

یہ تبدیلیاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اس فیصلے کے بعد کی گئی ہیں، جس میں پالیسی ریٹ کو 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version