آکلینڈ۔حسن نواز کی تیز ترین سنچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 205 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا

آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے اوپنر حسن نواز کی شاندار سنچری کی بدولت 205 رنز کا بڑا ہدف عبور کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے برق رفتار آغاز کیا، تاہم محمد حارث 41 رنز بنا کر 74 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا کریز پر آئے اور 31 گیندوں پر 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

حسن نواز نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی، جو کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے تیز ترین سنچری تھی۔ انہوں نے محض 45 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کے بولرز میں سے واحد وکٹ جیکب ڈفی نے حاصل کی۔قبل ازیں، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 204 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

کیویز کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا، جب اوپنر فلن ایلن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ٹم سیفرٹ اور مارک چیپمین نے دوسری وکٹ کے لیے 40 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن سیفرٹ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

مارک چیپمین نے 94 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 17، مائیکل بریسویل 31، جیمز نیشم 3، مچل ہے 9، ایشن سودھی 10، جیکب ڈفی 2 اور کائل جیمیسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے 2، 2 جبکہ شاداب خان اور عباس آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version