اسلام آباد:  جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں نواز شریف اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملکی صورتحال کے پیش نظر مشاورتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں حکومت مخالف تحریک اور پی ٹی آئی کے ساتھ ممکنہ اتحاد کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اصل قیادت اس وقت جیل میں ہے، جبکہ باہر موجود رہنماؤں میں یکجہتی کا فقدان ہے۔ تاہم، پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات میں تلخی کم ہو رہی ہے، اور محض بیانات کی بنیاد پر اتحاد کے امکانات پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔ اگر میرے خلاف کوئی بیان دیا جاتا ہے تو پی ٹی آئی کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ شیخ وقاص اکرم اور ان کے بڑوں سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ عید کے بعد تحریک چلانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اور اگر یکطرفہ فیصلے جاری رہے تو ملکی سیاست مزید سخت رخ اختیار کر سکتی ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کے ذریعے نہیں آئے، بلکہ حکومت میں شمولیت کے لیے منتیں کرتے رہے۔ آصف زرداری اس صورتحال سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، لیکن جب ہم سڑکوں پر نکلیں گے تو یہی لوگ ملک کے استحکام کا درس دیں گے۔ عوام پارلیمنٹ سے مایوس ہو چکے ہیں، اور اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔

انہوں نے بلوچستان کے مسائل پر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اگر ریاست نے کہا تو افغانستان کے معاملے پر بھی کردار ادا کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version