پشاور۔تھانہ ارمڑ کی حدود میں ایک مسجد کے باہر ہونے والے دھماکے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں معروف عالم دین مفتی منیر شاکر بھی شامل تھے، جو بعد ازاں اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے  شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد فوراً پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران موقع پر پہنچے اور شواہد جمع کرنا شروع کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے مفتی منیر شاکر بائیں ٹانگ پر زخم آنے کے سبب متاثر ہوئے، جبکہ دیگر زخمیوں میں خوشحال، عابد اور سید نبی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے مفتی منیر شاکر کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور اسے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

احتشام علی نے کہا کہ مفتی منیر شاکر کی شہادت کی خبر سن کر انہیں شدید دکھ پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مفتی منیر شاکر کو زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی شدت سے شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے۔

اس واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اس کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version