لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا خوشحال ترین صوبہ بننے کے قریب ہے اور ریکوڈک منصوبے کی بحالی کے ساتھ صوبے میں معاشی ترقی آئے گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان میں صنعتوں کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد پاکستان میں صنعتی ترقی کو بڑھانا اور خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے چین اور پاکستان کے کاروباری اداروں کے اشتراک سے ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پیسفک گرین انرجی کا منصوبہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

احسن اقبال نے وضاحت کی کہ اس منصوبے کی انتظامیہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر کاروبار کرے گی تاکہ پاکستان کے عوام کو گرین انرجی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس سے پاکستان میں بائیکس، آٹو موبائلز اور لوڈرز کی فراہمی کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا روشن مستقبل برآمدات کے شعبے سے وابستہ ہے اور اس کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک اہم تجارتی منزل بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ پاکستان کو عالمی سطح پر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور پوری حکومت کی خواہش ہے کہ نجی شعبہ پاکستان کے لیے ڈالرز کمانے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے، تاکہ پاکستان اپنی معیشت کو خود مختار بنا سکے اور بیرونی انحصار سے آزاد ہو سکے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version