اسلام آباد: حکومت نے چینی برآمد کرنے کے بعد اب بیرون ملک سے شکر درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کے مطابق یہ اقدام ملک میں چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ درآمد شدہ شکر سے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی سطح پر چینی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شکر کی درآمد مستقبل میں چینی کی پیداوار میں اضافے میں معاون ثابت ہوگی، کیونکہ درآمد شدہ شکر کو مقامی سطح پر ریفائن کر کے چینی میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال شوگر انڈسٹری نے حکومت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ چینی کی برآمد کے باوجود مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمت نہیں بڑھے گی، تاہم رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور اور پشاور میں چینی کی فی کلو قیمت 10 روپے اضافے کے بعد 170 روپے، کراچی میں 180 روپے اور کوئٹہ میں 165 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version