چین کے شہر ژیانگیانگ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو ناک میں انگلی ڈالنے کی عادت اتنی مہنگی پڑی کہ اسے ایمرجنسی سرجری کروانی پڑی۔
اس شخص کی حیران کن کہانی اس کی بیوی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، تاکہ وہ دیگر لوگوں کو اس نقصان دہ عادت سے باز رکھ سکے۔
رپورٹس کے مطابق، مذکورہ شخص کو ہر وقت اپنی ناک کھودنے کی عادت تھی، چاہے وہ بیٹھا ہو، کھڑا ہو یا بستر پر لیٹا ہو۔ وہ اس حرکت سے خود کو محظوظ محسوس کرتا تھا، مگر ایک دن یہی عادت نقصان دہ ثابت ہوئی۔
ایک روز، حسب معمول ناک کھودتے ہوئے، اس نے ناگہانی طور پر ناک کی ایک شریان زخمی کر دی، جس کی وجہ سے خون بہنا شروع ہوگیا۔ خون بہنے کا عمل اتنا شدید تھا کہ روکنا ناممکن ہوگیا۔
اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایمرجنسی میں اس کی سرجری کی اور خون کا بہاؤ روکا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بار بار ناک میں انگلی ڈالنے سے انفیکشن، خون بہنے اور دیگر پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں، لہٰذا اس غیر ضروری عادت سے گریز کرنا ہی بہتر ہے۔