اسلام آباد۔پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے شرح سود میں نمایاں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے 12فیصد شرح سود کا فیصلہ مسترد کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے زمینی حقائق کے برعکس اقدامات تشویش کا باعث ہیں کیونکہ ملک میں معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں اور افراط زر کی شرح میں بھی کمی ہورہی ہے اس کے باوجود شرح سود میں نمایاں کمی نہیں کی گئی۔
سلیم ولی محمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں امید تھی کہ اس بار مرکزی بینک شرح سود میں نمایاں کمی کرے گا مگر اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو 12فیصد پر برقرار رکھ کر تاجر برادری کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔اگر ایسے اقدامات سے معاشی سرگرمیوں میں نہ تیزی آئے گی اور نہ ہی نئی سرمایہ کاری ہوگی۔حکومت کو چاہیے کہ وہ کاروبار کو فروغ دینے کے لیے کم شرح پر قرضے یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایسی پالیسیاں وضع کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے۔
انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک سے درخواست کی کہ وہ معیشت کے بہتر ترین مفاد میں شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لائیں تاکہ قرضوں کے حصول میں آسانی ہو اور تاجر اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں۔
Share.
Leave A Reply

Exit mobile version