اسلام آباد۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں قائم حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے رہنماؤں کے اعزاز میں افطار اور عشائیہ کا اہتمام کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وزیرِاعظم ہاؤس پہنچا جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے چاروں صوبوں میں عوامی خواہشات پر پورا اُترنے اور وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کے ذریعے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے لیے پیپلزپارٹی کی قیادت کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے وفاق، صوبوں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

شرکا نے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ان کے نتیجے میں حالیہ معاشی استحکام پر وزیرِاعظم و ان کی ٹیم کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

وفد کے شرکا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کے ملکی ترقی و معاشی استحکام اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہر اقدام میں حکومت سے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے حکومتی امور میں اتحادیوں سے مشاورت، ان کی رائے کے احترام اور انہیں اعتماد میں لینے کے اقدام پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیراعظم کی قیادت میں ملکی معیشت کی ترقی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version