بھارتی فلم انڈسٹری کی عظیم اداکارہ 91 سالہ وجنتی مالا کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد ان کے مداح شدید پریشانی کا شکار ہوگئے تھے، تاہم اب اداکارہ کے بیٹے کی جانب سے اس حوالے سے وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔

صرف 16 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی وجنتی مالا کو 1954 میں فلم ناگن سے شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچایا تھا۔ اسی طرح 1955 کی مشہور فلم دیو داس میں چندرا مکھی کے کردار نے ان کی شہرت میں مزید اضافہ کیا، جو آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

گزشتہ سال، وجنتی مالا کو بھارت کا دوسرا سب سے بڑا سویلین اعزاز پدما وبھوشن دیا گیا تھا۔ انہوں نے سنگم، جویل تھیف، آمرا پالی، گنوار سمیت متعدد ہٹ فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کو محظوظ کیا۔

وجنتی مالا کی موت کی جھوٹی خبریں مداحوں کے لیے ایک دھچکا بن گئی تھیں، مگر ان کے بیٹے نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ بالکل صحت مند اور تندرست ہیں۔

اداکارہ کے بیٹے نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ کسی خبر کی تصدیق کیے بغیر ایسی افواہیں نہ پھیلائیں، کیونکہ اس طرح کی غیر مصدقہ خبریں اہل خانہ کے لیے بے حد تکلیف دہ ثابت ہوتی ہیں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version