پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو غلط معلومات فراہم کی گئیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بانی پی ٹی آئی سے منسوب کرنا عوام کی خواہش تھی اور یہ فیصلہ عوام کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ حیران ہیں کہ وفاقی حکومت تو ان کے خلاف سیاسی مقدمات قائم کر رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کو اس کے جائز فنڈز نہیں دیے جا رہے۔ وفاقی حکومت کیسز بنانے میں مصروف ہے لیکن امن و امان کی صورتحال پر توجہ نہیں دے رہی۔ قرضوں کی بھرمار ہو چکی ہے، اور ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تو توجہ دی ہوئی ہے، لیکن دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر کوئی پالیسی نہیں بنائی جا رہی، اور نہ ہی اس پر کوئی سنجیدہ اقدامات ہو رہے ہیں۔
سردار علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پنجاب حکومت اشتہارات پر پیسہ خرچ کر رہی ہے، مگر اس کے بعد بھی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ ویڈیوز بنانا شروع کر دیں تو کیا اس سے حکومت کی کارکردگی ظاہر ہو گی؟
انہوں نے کرم میں ہونے والے حملے کے حوالے سے کہا کہ جن لوگوں نے حملہ کیا ہے، ان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ٹی او آرز (ترتیب شدہ اصول) بنائے گئے ہیں، جنہیں وفاق کو بھیجا گیا ہے۔ تاہم، ابھی تک وفاق کی جانب سے اس معاملے پر کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بات کیے بغیر اس مسئلے کا حل ممکن نہیں۔