لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں جلد بون میرو ٹرانسپلانٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی توجہ اور کوششوں کی بدولت معصوم بچوں کے چہروں پر خوشیاں لوٹ آئی ہیں۔ لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے 150 کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں، جن کے تمام اخراجات، جو کہ فی آپریشن 42 لاکھ روپے سے زائد ہیں، حکومت پنجاب برداشت کر رہی ہے۔
چلڈرن ہسپتال پاکستان کا پہلا سرکاری ادارہ ہے جہاں بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال کے کینسر وارڈ میں گزشتہ ایک سال کے دوران 2000 مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا، جبکہ او پی ڈی میں 25 ہزار سے زائد کینسر کے مریض بچوں نے سہولت حاصل کی۔
عالمی معیار کے مطابق چلڈرن ہسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ آپریشنز کی کامیابی کی شرح 89 فیصد سے زیادہ ہے۔ پنجاب کے علاوہ سندھ، بلوچستان اور دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے مریض بچوں نے بھی یہاں علاج کروایا، جبکہ افغانستان سے آنے والے بچوں کے لیے بھی مفت ٹرانسپلانٹ کا انتظام کیا گیا۔
یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر، ڈاکٹر مسعود صادق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹ کے کسی بھی مریض کو علاج سے محروم نہیں کیا جاتا، اور آپریشن کے بعد ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہر مریض کا ہر 15 دن بعد فالو اپ چیک اپ بھی کیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر بچہ ان کے لیے اپنے بچوں سے بھی بڑھ کر عزیز ہے، اور تمام مریضوں کو علاج کی مفت سہولت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کارڈ کے اجرا کے بعد والدین کو مالی بوجھ سے نجات مل جائے گی۔ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔