بیروت۔لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ اور ان کے نائب ہاشم سیف الدین کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے، اسی دوران اسرائیلی جنگی طیاروں نے نچلی پروازیں کیں، جبکہ مختلف علاقوں میں بمباری کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے جنوبی علاقوں قلیلہ، انصار، جناتہ، بارش اور معروب میں حملے کیے۔ اس کے علاوہ حلوسیا اور زیراریہ کے درمیانی علاقے میں بھی فضائی کارروائی کی گئی، تاہم جانی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

بیروت کے کمیلی چیمون اسپورٹس سٹی میں حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصراللہ اور ان کے نائب ہاشم سیف الدین کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جبکہ اسی دوران جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے مزید تیز ہوگئے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کے طیارے حسن نصراللہ کی نماز جنازہ کے موقع پر بیروت کی فضاؤں میں موجود رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو بھی اسرائیل کو دھمکی دے گا اور حملہ کرے گا، اسے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ “آپ جنازے پڑھنے میں ماہر ہیں، جبکہ ہم فتح حاصل کرنے میں ماہر ہیں۔”

27 ستمبر 2024 کو اسرائیل نے جنوبی بیروت کے علاقے میں ایک عمارت پر حملہ کرکے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو شہید کردیا تھا۔ اس حملے میں 85 ٹن دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں داہیہ میں چھ رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

بعد ازاں، حزب اللہ کے نامزد سربراہ ہاشم سیف الدین بھی ایک الگ فضائی کارروائی میں شہید ہوگئے تھے۔ دونوں شہید رہنماؤں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں لبنان کے ایک نامعلوم مقام پر امانتاً دفن کردیا گیا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version