سہ فریقی سیریز کے تیسرے مقابلے میں پاکستان نے 353 رنز کا تاریخی ہدف عبور کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو سات وکٹوں سے زیر کر کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

کراچی میں منعقدہ اس میچ میں قومی ٹیم نے 49 اوورز میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف مکمل کر لیا، جس میں کپتان محمد رضوان اور سلمان آغا کی 260 رنز کی شاندار شراکت نے مرکزی کردار ادا کیا۔

پاکستان کی طرف سے سلمان آغا نے 134 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان 122 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ طیب طاہر 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

فخر زمان 41، بابر اعظم 23 اور سعود شکیل 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے وائن ملڈر نے 2 اور کوربن بوش نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔

قبل ازیں، جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز اسکور کیے۔

پروٹیز کی جانب سے ہینرک کلاسن 87 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ میتھیو بریٹز نے 83، کپتان ٹیمبا بووما نے 82، ٹونی ڈی زورزی نے 22 اور وائن ملڈر نے 2 رنز جوڑے۔

کائل ویرائن 44 اور کوربن بوش 15 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

پاکستانی بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version