بھارت کی نامور باکسر اور سابق عالمی چیمپیئن سویتی بورا نے اپنے شوہر دیپک ہڈا کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

الزامات اور قانونی کارروائی
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ارجن ایوارڈ یافتہ سویتی بورا نے اپنے شوہر اور کبڈی کھلاڑی دیپک ہڈا پر جہیز کے لیے دباؤ ڈالنے اور اہلخانہ پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

حصار میں خواتین پولیس اسٹیشن کی انچارج، ایس ایچ او سیما نے تصدیق کی کہ 25 فروری کو سویتی بورا نے شکایت درج کروائی، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے شوہر نے جہیز کے مطالبے کے ساتھ ان پر اور ان کے اہلخانہ پر تشدد کیا ہے۔

دیپک ہڈا کا مؤقف
دوسری جانب، دیپک ہڈا نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “میں اپنی اہلیہ کے خلاف کوئی منفی بیان نہیں دوں گا، لیکن مجھے اس سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔”

کبڈی کھلاڑی پر مقدمہ بھارتیہ نیا سنہتا کی دفعہ 85 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

دیپک ہڈا کی سیاسی اور کھیلوں میں شمولیت
خیال رہے کہ دیپک ہڈا نے 2024 کے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں روہتک ضلع کے میہم حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا، تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دیپک ہڈا 2016 میں بھارتی کبڈی ٹیم کا حصہ تھے، جس نے ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل اور 2014 کے ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version