واشنگٹن: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے امریکی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک متبادل ڈاؤن لوڈنگ طریقہ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارفین بغیر گوگل پلے اسٹور کے براہ راست ٹک ٹاک کی ویب سائٹ سے ایپ انسٹال کر سکتے ہیں۔

امریکی حکومت نے جنوری 2025 میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ یہ چینی ایپ امریکی صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہے اور ممکنہ طور پر پروپیگنڈے کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔ تاہم، ٹک ٹاک انتظامیہ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔

بعد ازاں، 20 جنوری کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے اس پابندی کو مؤخر کر دیا گیا، مگر اس کے باوجود ٹک ٹاک ایپل اور گوگل ایپ اسٹورز پر دستیاب نہیں ہے۔

تقریباً 17 کروڑ امریکی صارفین رکھنے والی اس ایپ نے اب سائڈ لوڈنگ کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین کو گوگل پلے اسٹور کے بغیر براہ راست اپنی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈنگ کی سہولت فراہم کر دی ہے۔

دوسری جانب، ایپل اپنے آئی فون اور آئی پیڈ ڈیوائسز پر سائڈ لوڈنگ کی اجازت نہیں دیتا، تاہم صارفین ویب براؤزر کے ذریعے اب بھی ٹک ٹاک کا استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ پیش رفت اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ ٹک ٹاک امریکی پابندیوں کے باوجود اپنے صارفین کو سروس فراہم کرنے کے نئے راستے تلاش کر رہا ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version