اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملک سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں پنکی، گوگی اور کپتان کی نحوست کا سایہ ختم ہو چکا ہے، اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پورا ٹولہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ اپنے حلقے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ایک ایسا وزیراعظم تھا جو گھڑیاں بیچتا تھا، اور یہ لوگ شہداء کی بے حرمتی کرتے ہیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پارٹی نے ہمیں وفا سکھائی ہے، اور یہ نواز شریف کی قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے ملک میں معیشت کی بہتری اور شرح سود میں کمی کا ذکر کیا اور کہا کہ شہباز شریف پاکستان کو ترقی کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر نحوست کا سایہ تھا، اور یہ سایہ پنکی، گوگی اور کپتان کا تھا، جو پاکستان کو لوٹ کر کھا گئے۔
وفاقی وزیر نے توشہ خانہ سکینڈل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کرتے تھے اور وزیراعظم چیزیں بیچ دیتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ نے ضروری سمجھتے ہوئے پیکا ایکٹ کی منظوری دی، جس کا مقصد کرپشن اور بدعنوانی کو روکنا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں ہی ملک میں ترقی ہوئی، اور جب بھی ترقی ہوئی وہ ن لیگ کے دور میں ہوئی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ سڑکوں کی تعمیر، صاف پانی اور گیس کے مسائل حل کیے جائیں گے، اور ان کے حلقے کا علاقہ مثالی بنایا جائے گا۔
عطا تارڑ نے شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ڈیفالٹ کے دھانے سے واپس لانے کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کی معیشت دنیا کی بہترین معیشت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں عوام کے مسائل حل ہوں گے اور ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما شہداء کی بے حرمتی کرتے ہیں، جبکہ ہم ہمیشہ شہداء کی تعظیم کرنے والے لوگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو سیاست اور سیاسی جماعتیں بھی ہیں، اور پی ٹی آئی کو اپنی سیاست کے لیے شہداء کی بے حرمتی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔