لاہور۔پاکستانی شوبز انڈسٹری میں حال ہی میں قدم رکھنے والے نوجوان اداکار اور ماڈل ضرار خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوبز کیریئر کا آغاز اس وقت ہوا جب ماہرہ خان نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا اور انہیں کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ضرار خان نے اپنی زندگی اور کیریئر کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک اشتہار میں کام کیا، جس کے بعد انہیں ماہرہ خان کے ساتھ ایک فلم میں مختصر کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ماہرہ خان اور فواد خان کی فلم ’نیلوفر‘ کا بھی حصہ ہیں، تاہم فلم کی ریلیز کے بارے میں انہیں زیادہ تفصیلات معلوم نہیں۔
ضرار خان کے مطابق فلم کے دوران ماہرہ خان نے ان کے ٹیلنٹ کو سراہا اور اپنی اسپورٹس سیریز ’بارہواں کھلاڑی‘ میں کام کی پیش کش کی، جس سے ان کے شوبز کیریئر کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
ضرار خان اب تک نصف درجن سے زائد ڈراموں، ٹیلی فلموں، فلموں اور ویب سیریز میں کام کر چکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کا کردار ’میم سے محبت‘ میں کافی پسند کیا جا رہا ہے، جو ان کی شہرت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔