کراچی ۔چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے سینیٹ کمیٹی کی ہدایات مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ نوجوان افسران کے لیے گاڑیاں خریدی جائیں گی کیونکہ آپریشنز کے لیے ان کی ضرورت ہے اور سیلز ٹیکس کے لیے دورے ضروری ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ سینیٹ کمیٹی کے اعتراضات کا احترام کرتے ہوئے ان کو تسلی بخش جواب دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے کوشش جاری ہے اور ہم کوئی جوتشی کا کام نہیں کر رہے۔
انہوں نے سیمنٹ کی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر مسابقتی کمیشن کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
کراچی میں سب سے زیادہ ٹیکس کلیکشن سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے راشد لنگڑیال نے کہا کہ یہاں بڑی کمپنیوں اور ملٹی نیشنل اداروں کے ہیڈکوارٹرز واقع ہیں، جس کی وجہ سے ٹیکس کلیکشن کا عمل یہاں سے ریکارڈ کیا جاتا ہے۔
مزید برآں، چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ٹریکنگ سسٹم آئندہ دو سے تین مہینوں میں ٹرکوں اور گاڑیوں میں نصب کر دیا جائے گا۔