اسلام آباد۔وزارت خارجہ نے سینیٹ میں بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ وزارت کے مطابق، قیدیوں کی مسلسل آمد اور ملک بدری کی وجہ سے معافی حاصل کرنے والوں کی تفریق کرنا اور درست تعداد معلوم کرنا مشکل ہے۔
وزارت خارجہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، تقریباً 23 ہزار 456 پاکستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں۔ سب سے زیادہ پاکستانی خلیج کے ممالک کی جیلوں میں ہیں، جہاں سعودی عرب میں 12 ہزار 156 پاکستانی قید ہیں۔ اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 292، یونان میں 811، اور قطر میں 338 پاکستانی قید ہیں۔
سعودی عرب میں مختلف جرائم میں 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے قید ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ وہ تمام مشنز اور ذیلی مشنز سے گزشتہ 10 سال کے اعداد و شمار حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایران نے 28 پاکستانی قیدیوں کی سزائیں معاف کر کے انہیں رہا کر دیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کے بعد رہا کیے جانے والے پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات بھی سینیٹ میں پیش کی گئیں۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ 2019 سے 2024 تک مجموعی طور پر 7 ہزار 208 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ 2019 میں 545، 2020 میں 892، 2021 میں 916، 2022 میں ایک ہزار 331، اور 2023 میں ایک ہزار 394 قیدی سعودی جیلوں سے رہا ہوئے۔ اس کے علاوہ، 2024 میں سعودی عرب کی جیلوں سے 2 ہزار 130 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔