لاہور۔جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم نے غزہ جنگ بندی معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو نے حماس کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا دعویٰ کیا تھا، مگر آج اسرائیل کو حماس کے سامنے جھکنا پڑا۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے اعلان پر حافظ نعیم نے کہا کہ یہ معاہدہ اسرائیل کی شکست اور حماس کی مزاحمت کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے امریکی سرپرستی میں مشرق وسطیٰ کی تاریخ کی خونی جنگوں میں سے ایک کا آغاز کیا تھا، لیکن آخرکار انہیں جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا۔
حافظ نعیم نے اس معاہدے کو نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکا کی شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار، اور شہداء آج اپنے بھائیوں کی فتح کو دیکھ رہے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی اس جنگ میں 47 ہزار فلسطینی شہید ہوئے، لیکن وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انشاء اللہ القدس آزاد ہوگا، اور فلسطین کا خواب جلد حقیقت بنے گا۔