لاہور۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے، جس کی ویڈیو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیروز پور روڈ لاہور پر بائیکرز کے لیے ایک علیحدہ لین بنائی جا رہی ہے۔ مریم نواز نے اس پراجیکٹ کے بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ فیروز پور روڈ اور تمام اضلاع کی اہم سڑکوں پر بائیکرز کے لیے علیحدہ لین بنائی جائے گی تاکہ حادثات کو روکا جا سکے اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آ سکے۔
اس اقدام پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے اس اقدام کو سراہا، جبکہ دیگر نے تنقید کی۔ ایک صارف نے سوال کیا کہ بائیکرز کو یہ کیسے بتایا جائے گا کہ انہیں اسی لین میں رہنا ہے؟ ایک اور صارف نے لکھا کہ لاہور میں بائیکرز کے لیے بنائے گئے راستوں کی موجودگی میں سائیکل کا استعمال دفتر جانے کے لیے بہتر ہوگا۔ کچھ لوگوں نے اس پر سوال اٹھایا کہ یہ راستے موٹر سائیکل کے لیے مؤثر نہیں ہیں کیونکہ سڑک کے دائیں حصے میں جانا پڑے گا تاکہ یو ٹرن آسانی سے لیا جا سکے۔
گمنام نامی صارف نے سیاسی اختلافات کے باوجود مریم نواز کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ اچھا کام کیا گیا ہے۔ تاہم، کچھ نے پینٹ کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا، اور کہا کہ یہ کام اچھا تو ہے لیکن پینٹ کی وجہ سے کرپشن کے امکانات ہیں۔
اعجاز ندیم نے اس منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیسوں کا ضیاع ہے، اور اس تنگ سڑک کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رنگین سڑک بارش میں پھسلن پیدا کرے گی۔
دوسری جانب، کئی صارفین کا خیال ہے کہ مریم نواز کے اس اقدام سے ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی، اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے علاقوں میں بھی ایسی ہی موٹر سائیکل لین بنائی جائے تاکہ حادثات کی شرح کم ہو سکے۔