اسلام آباد۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے یورپ کے لیے پروازیں بحال ہونے پر جاری کیے گئے متنازع اشتہار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس کے دوران اس اشتہار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایفل ٹاور کے قریب پی آئی اے کے طیارے کے ساتھ “وی آر کمنگ” کا پیغام ایک نامناسب تاثر چھوڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتھک کوششوں کے باعث یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہوئی ہیں۔ ماضی میں ایک وزیر کے متنازع بیان کے باعث یورپ کے لیے پروازیں معطل ہو گئی تھیں، جس سے قومی ایئرلائن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پروازوں کی بحالی کے لیے دن رات کام کیا گیا اور مارچ یا اپریل تک انگلینڈ کے لیے بھی پروازیں بحال ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی واضح کیا گیا کہ یورپ کے لیے پروازیں بحال ہونے کے بعد پہلی فلائٹ پیرس روانہ ہوئی۔ تاہم، اس موقع پر جاری کیے گئے اشتہار میں دکھایا گیا کہ پی آئی اے کا طیارہ ایفل ٹاور کے بالکل قریب پرواز کر رہا ہے، جس پر عوام کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ صارفین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تصویر کشی غیر ذمہ دارانہ ہے اور اشتہار بنانے والے کو برطرف کر دینا چاہیے۔
عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے فوری طور پر اس متنازع اشتہار کی تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسی غلطیوں سے بچا جا سکے۔