اسلام آباد ۔لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے معاشرتی رویوں کو بدلنا وقت کی ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا کہ تعلیم ایک ایسا موضوع ہے جو میرے دل کے بہت قریب ہے۔ پڑھی لکھی خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہیں، اور خواتین کو بااختیار بنانا آج کے دور کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کے راستے میں چیلنجز ضرور موجود ہیں، لیکن ہمیں دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ نیشنل پالیسی اور بجٹ میں خواتین کی تعلیم کو اہمیت دی جانی چاہیے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جانے ضروری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرتی آگاہی مہم کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے، کیونکہ آج کی تعلیم یافتہ خاتون کل کے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے معاشرے میں پلی بڑھی جہاں صنفی امتیاز عام تھا اور لڑکیوں کی تعلیم کو اکثر نظرانداز کیا جاتا تھا۔ لیکن تعلیم نے میری زندگی میں ایک انقلاب برپا کیا، اور آج میں اس مقام پر ہوں جہاں ملک و قوم کی خدمت کر رہی ہوں۔
انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسے علاقے بھی دیکھے جہاں لڑکیوں کے اسکول تباہ کر دیے گئے تھے اور انہیں تعلیم سے زبردستی محروم کیا گیا تھا۔ لیکن میں نے ان بہادر لڑکیوں کو بھی دیکھا جو اپنی تعلیم کے حق کے لیے ڈٹی رہیں اور جدوجہد کی۔
لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا کہ ہمیں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے روایتی سوچ کو بدلنا ہوگا۔ پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں لڑکیوں کی شمولیت کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ وہ اپنی زندگی کے فیصلوں میں خودمختار ہو سکیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔