اسلام آباد۔ وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، سابق وزیرِ اعظم عمران خان، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی، مذہبی عالم مفتی تقی عثمانی اور دیگر کئی پاکستانیوں کو 2025 کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
پہلی بار 2009 میں شائع ہونے والی ‘ دی مسلم 500 دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمان ایک سالانہ اشاعت ہے جو دنیا کے بااثر ترین مسلمانوں کی درجہ بندی کرتی ہے۔ اسے عمان میں رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر نے ترتیب دیا ہے۔
یہ اس بات کی تحقیق کرتی ہے کہ بعض مسلم شخصیات کا امت پر ثقافتی، نظریاتی، مالی، سیاسی یا دیگر کسی صورت میں تبدیلی لانے کے لیے کیا اثر و رسوخ ہے جس کا پوری دنیا کے مسلمانوں پر نمایاں اور خاص اثر ہو۔
رواں سال اس اشاعت نے متعدد ایسے پاکستانیوں کے نام شامل کیے ہیں جن میں سویلین اور فوجی حکمرانوں سے لے کر مخیر شخصیات تک اور ایسے افراد ہیں جو زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنے غیر معمولی کام کے لیے مشہور ہیں۔
اشاعت میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف مارچ 2024 میں پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم بنے جنہوں نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد 23 ویں عبوری وزیرِ اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔
وہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے بھائی ہیں اور ان کا اپنا ایک طویل سیاسی کرئیر رہا ہے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور تین بار پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ رہے ہیں۔ اس فہرست میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا نام بھی شامل ہے۔
اشاعت نے آرمی چیف کے حوالے سے کہا گیا ہے ایک مذہبی اور علمی خاندان سے تعلق رکھنے والے عاصم منیر پاکستان کی تاریخ میں اولین آرمی چیف ہیں جو حافظِ قرآن بھی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی دونوں اہم ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
مسلم 500 میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا اعزازی ذکر تھا ۔ اشاعت میں پاکستان کی مذہبی شخصیات مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، مولانا نذر الرحمٰن اور محمد الیاس عطار قادری کے نام شامل ہیں۔
فہرست میں شامل دیگر پاکستانیوں میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی، بین الاقوامی شہرت یافتہ صحافی، ملک کی واحد آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز اور کارکن شرمین عبید چنائے، صوفیانہ گائیکی کی ملکہ عابدہ پروین، نعت خوان اویس رضا قادری اور انسان دوست پروفیسر ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی شامل ہیں۔