ممبئی: بالی ووڈ میں رومانس کے بادشاہ کہلائے جانے والے مشہور اداکار شاہ رخ خان نے اپنی سب سے بڑی خوفزدگی کے بارے میں گفتگو کی ہے۔
بھارت کے ایک مقبول کامیڈی شو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں شاہ رخ خان اور عالیہ بھٹ مہمان کے طور پر شامل ہیں۔
شو کے میزبان کپل شرما نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ وہ کس چیز سے سب سے زیادہ خوفزدہ ہوتے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ جس چیز سے وہ ڈرتے ہیں، وہ سُن کر سب ہنسنے لگیں گے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اس سے واقعی بہت ڈرتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ انہیں سب سے زیادہ خوف جھولے سے محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھولے پر بیٹھتے وقت وہ اتنا خوفزدہ ہو جاتے ہیں کہ ساتھ بیٹھے شخص کا بازو زور سے پکڑ لیتے ہیں۔
اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فلم “دیوداس” کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران جھولے پر بیٹھنا پڑا، اور اس وقت انہوں نے ایشوریا رائے کے بازو کو اتنی شدت سے پکڑ لیا کہ وہاں خراش پڑ گئی۔
اسی شو میں عالیہ بھٹ نے بھی اپنی خوفزدگی کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ اندھیرے سے بہت ڈرتی ہیں اور جہاں بھی تاریکی ہو، وہاں سے فوراً ہٹ جاتی ہیں۔