اسلام آباد۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے مسلسل غیر حاضری پر ایس ایس پی آپریشنز کو ہدایت کی ہے کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران مقدمے کے تفتیشی افسر اور علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔ اس صورتحال پر جج نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ ملزم پیش ہوا اور نہ ہی اس کا وکیل۔
عدالت نے کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 2016 میں اسلام آباد پولیس نے بنی گالہ کے علاقے سے علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے شراب، کلاشنکوف رائفلز، ایک پستول، میگزین، بلٹ پروف جیکٹ، اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔