لاہور۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اوپنر صائم ایوب کے فوری علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے صائم ایوب سے فون پر خیریت دریافت کی اور علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ صائم ایوب کا لندن کے اسپورٹس آرتھوپیڈک ماہرین سے چیک اپ کرایا جائے گا، جس کے لیے اپوائنٹمنٹ طے ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھیج دی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے صائم ایوب کو پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کیپ ٹاؤن سے لندن بھیجنے کے لیے پہلی دستیاب فلائٹ کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ساتھ جائیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ صائم ایوب کی انجری پر تشویش ہے اور دنیا کے بہترین اسپتال میں ان کا مکمل علاج کرایا جائے گا۔ امید ظاہر کی گئی ہے کہ صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے پہلے مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن صائم ایوب شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرتے ہوئے انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ باؤنڈری لائن کے قریب ان کا دایاں ٹخنہ مڑ گیا، جس کے باعث انہیں فوری طور پر میچ سے باہر کر دیا گیا اور ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق صائم ایوب کو صحتیاب ہونے میں 4 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
صائم ایوب کی رپورٹس مزید مشاورت کے لیے برطانوی ماہرین کو بھیجی جا رہی ہیں، لیکن یہ کہنا ابھی ممکن نہیں کہ وہ کرکٹ سے کتنا عرصہ دور رہیں گے۔ بورڈ کی جانب سے اس پر کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔