بیجنگ ۔چین میں 68 سالہ بزرگ شخص نے اپنے بیٹے کا رشتہ ختم کروا کر اس کی منگیتر سے شادی کر لی۔
بینک آف چائنا کے سابق چیئرمین، لیو لیانج نے اپنے بیٹے کی منگیتر سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیو کی عمر 68 سال ہے اور وہ پہلے بھی تین بار شادی کر چکے ہیں۔ یہ ان کی چوتھی شادی ہے، جو انہوں نے اپنے بیٹے کی سابقہ منگیتر سے کی۔
چینی میڈیا کے مطابق، لیو لیانج نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دی تھی اور اس کے بعد دو کم عمر خواتین سے شادیاں کیں۔ اب انہوں نے اپنے بیٹے کی سابقہ منگیتر سے چوتھی شادی کی ہے۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، لیو کے بیٹے نے جب اپنی گرل فرینڈ سے اپنے والد کو ملوایا اور بتایا کہ وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے، تو لیو نے اس لڑکی کے ساتھ دل لگا لیا اور اسے اپنی زندگی کی ساتھی بنانے کی سازش شروع کر دی۔
لیو نے چالاکی سے اپنے بیٹے کو اس کی گرل فرینڈ کے خلاف بھڑکایا اور پھر اس کی دوستی اپنے ایک دوست کی بیٹی سے کروا دی۔ بعد میں، لیو نے اپنی محبت جتانے کے لیے بیٹے کی سابقہ گرل فرینڈ کو قیمتی تحائف دے کر اپنے جال میں پھنسایا۔
چھ ماہ بعد، لیو کے بیٹے کو پتہ چلا کہ اس کی سابقہ منگیتر اب اس کا سوتیلی ماں بن چکی ہے، جس کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا۔
لیو لیانج کی چوتھی شادی کے بعد مشکلات میں اضافہ ہوا، اور اس پر رشوت اور بدعنوانی کے مقدمات درج کیے گئے۔ عدالت نے اس پر سخت سزا سنائی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، نومبر میں لیو کو 17 ملین ڈالر رشوت لینے اور 450 ملین ڈالر سے زائد غیر قانونی قرضے جاری کرنے پر دو سال کی مہلت کے ساتھ سزائے موت سنائی گئی۔ ان کے غیر قانونی کاموں کے ساتھ ساتھ، لیو کا معاملہ عوامی توجہ کا مرکز بنا، کیونکہ اس نے اپنے بیٹے کی منگیتر سے بھی پیچھا نہ چھوڑا۔