لندن۔برطانیہ میں تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر نئے سال کے استقبال کے لیے منعقد ہونے والی کئی تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔
میٹ آفس نے برطانیہ کے زیادہ تر حصوں میں بدھ تک شدید موسمی حالات کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔ میٹ آفس نے خبردار کیا کہ انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے بعض علاقوں میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے نظام پر سنگین اثرات پڑنے کا امکان ہے۔
ایڈنبرا میں عوامی حفاظت کے پیش نظر سال کے اختتام کی تقریبات پہلے ہی منسوخ کی جا چکی ہیں، جب کہ شمالی یارکشائر کے بلیک پول، نیو کیسل، آئل آف وائٹ اور رپن میں آتشبازی کی تقریبات بھی منسوخ کردی گئیں۔ ایڈنبرا کی اسٹریٹ پارٹی اور آتشبازی دیکھنے کے لیے آنے والے عالمی سیاحوں سے منتظمین نے معذرت کی ہے۔
اس کے علاوہ، وسطی، جنوبی اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں بھی تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
دریں اثنا، لندن کے میئر کے ترجمان نے کہا کہ موسم کے خدشات کے باوجود دارالحکومت میں آتشبازی کا مظاہرہ ہوگا، اور مانچسٹر میں بھی اپنی تقریبات معمول کے مطابق منعقد کی جائیں گی۔