اسلام آباد۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سال نو کے دوران یکم جنوری سے 6 جنوری تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جنوری کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کی وجہ سے بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ یکم سے 6 جنوری تک آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں یکم سے 5 جنوری تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مری اور گلیات میں یکم سے 6 جنوری تک بارش کی توقع ہے، اور اسلام آباد میں 2 سے 6 جنوری کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لیہ، ڈی جی خان اور ملتان میں 2 سے 5 جنوری تک ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں یکم سے 4 جنوری تک بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خوشگوار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ بارش کے دوران مری، ناران، کاغان اور سوات میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔