پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف جلد ہی بڑے پردے پر واپسی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ ریپر طلحہ انجم کی ڈیبیو فلم ’کٹر کراچی’ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کٹر کراچی کا ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا ہے، جس میں اداکارہ کنزہ ہاشمی اور سید جمیل بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ مداح اس پروجیکٹ کی ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
ٹریلر دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ایک سنسنی خیز کرائم تھرلر ہے، جس کی کہانی کراچی کے تاریک اور حقیقت پسندانہ ماحول میں گھومتی ہے۔ فلم کے مناظر میں کراچی کی ثقافت کی جھلک بھی دکھائی دیتی ہے۔ عمران اشرف اس فلم میں ایک ’مافیا باس’ کے روپ میں دکھائی دے رہے ہیں، جو روشنیوں کے شہر پر حکمرانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ دوسری طرف، طلحہ انجم اپنے مقام کے دفاع کے لیے آخری حد تک لڑنے کو تیار دکھائی دیتے ہیں۔
فلم میں کنزہ ہاشمی کا کردار بھی روایتی کرداروں سے بالکل مختلف ہے، جو شائقین کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔
ٹریلر کو دیکھ کر شائقین کا کہنا ہے کہ انہیں فلم کی کہانی کی شدت، کرداروں کی گہرائی اور کراچی کے گلی کوچوں کی عکاسی نے خاص طور پر متاثر کیا ہے۔
فلم ’کٹر کراچی’ 20 دسمبر 2024 کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی، جس کے لیے مداحوں کی توقعات بہت زیادہ ہیں۔