اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے استنبول میں ترکیہ کے قومی ٹیلی ویڑن چینل ٹی آر ٹی ورلڈ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاکستان ٹیلی وڑن (پی ٹی وی) اور ٹی آر ٹی ورلڈ کے درمیان مشترکہ نشریات کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے ٹی آر ٹی ورلڈ کے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل براڈکاسٹ، عمر فاروق تنیویردی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون، مشترکہ دستاویزی فلموں کی تیاری، سیاحت کے فروغ، اور دیگر باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یہ تعلقات تاریخی، مذہبی، اور ثقافتی مشترکات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈراموں اور دستاویزی فلموں کی مشترکہ پروڈکشن اسٹریٹجک فریم ورک کا حصہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے پاکستانی نوجوان ارشد ندیم کی جویلین تھرو میں اولمپک ریکارڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کی کہانی پر ایک متاثرکن دستاویزی فلم بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں منعقد ہونے والے شندور پولو فیسٹیول کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پی ٹی وی ورلڈ اور ٹی آر ٹی ورلڈ کے تعاون سے ایک دستاویزی فلم تیار کی جا سکتی ہے۔
عطا تارڑ نے ٹی آر ٹی ورلڈ کی نشریات کو پاکستان ٹیلی وڑن پر نشر کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور مذہبی اقدار کی مشترکات موجود ہیں، جو پاکستان میں ترکیہ کے ڈراموں اور دستاویزی فلموں کی مقبولیت کی بڑی وجہ ہیں۔
ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اطلاعات نے کشمیر کے مظالم پر ڈیجیٹل دستاویزی فلم تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دنیا بھر میں اس مسئلے کو اجاگر کیا جا سکے۔یہ ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے درمیان میڈیا اور ثقافت کے میدان میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔